خیبر پختونخوا میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کا خدشہ، 5 اضلاع کو الرٹ جاری
پنجاب ،سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آج سے شدید بارشوں کا امکان ہے جس کے سبب پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ 5 حساس اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ۔پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے میں بارش سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ۔ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 4 اپریل تک جاری رہے گا۔
راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، گجرانوالہ میں بارش کا امکان ہے۔حافظ آباد، وزیر آباد، سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، گجرات، خوشاب اور منڈی بہائوالدین میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔ لاہور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ، بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان اور گردونواح میں بارشوں کا امکان ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق ڈیرہ غازی خان اور سلیمان رینج کے برساتی نالوں کے بہاو میں اضافے کا خدشہ ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبے بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا ۔ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کے مطابق ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ آسمانی بجلی سے بچائوکیلئے محفوظ مقامات پر رہیں، آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران کھلے مقامات تلے ہرگز نہ جائیں۔ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے ہدایت کی کہ کسان تمام تر اقدامات موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں۔
بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے لہذا سیاح شمالی علاقہ جات کے سفر میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔دوسری جانب خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خدشہ، پی ڈی ایم اے نے متعلقہ 5 حساس اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا۔پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال اپر، چترال لوئر، دیر اپر، سوات اور کوہستان اپر میں موسمی صورتحال کے پیش نظر گلیشیئرز پگھلنے کا امکان ہے۔
شدید بارشوں کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے واقعات کا خدشہ ہے۔ترجمان کے مطابق پی ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی اقدامات اور پیشگی تیاریوں کی ہدایات جاری کر دی گئی جبکہ ضلعی انتظامیہ کو حساس گلیشیائی مقامات کی مسلسل نگرانی اور فوری وارننگ سسٹم فعال رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔اسی طرح، متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو خطرے سے دوچار علاقوں میں انخلا سے متعلق مشقیں کروانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے
جبکہ محفوظ مقامات پر انخلا مراکز کو مکمل طور پر فعال اور سہولیات سے لیس رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے نے نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو فوری طور پر الرٹ رہنے اور مقامی آبادی کو ممکنہ خطرات سے پیشگی آگاہ کرنے کی ہدایت جاری کی ہے جبکہ ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز کے عملے کو ہر وقت تیار رہنے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے۔ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری مشینری اور آلات پہلے سے تعینات کرنے جبکہ عوام کو ندی نالوں اور دریاں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تیز بہا والے پانی میں گاڑیوں کے بہہ جانے کے خطرے سے متعلق عوام کو خبردار کیا گیا ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کو اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی گئی جبکہ سیاحوں اور مسافروں کو حساس علاقوں کی جانب غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔سڑکوں کی بندش یا نقصان کی صورت میں این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور سی اینڈ ڈبلیو سے فوری رابطے جبکہ شدید خطرے کی صورت میں گلیشیائی جھیلوں کے کنٹرولڈ اخراج پر بھی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی۔
پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔ دریں اثنا محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا موسم جزوی ابر آلود اور خوشگوار ہے جبکہ آج یکم اپریل سے شہر میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 تا 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔بیان کے مطابق شہر میں 17 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جنوب مغربی ہوائیں چل رہی ہیں، شہر میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔یکم اپریل سے جنوبی بلوچستان سمیت سندھ بھر میں گرج چمک کیساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ سندھ سمیت کراچی میں آندھی اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کی ہدایت کردی ہے۔

