محکمہ خوراک خیبر پختونخوا میں نئی تقرریوں اور تبادلوں پر پابندی عائد کر دی گئی ۔ رپورٹ کے مطابق محکمہ خوراک خیبرپختونخوا نے صوبے میں گندم بحران سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کرتے ہوئے محکمے میں افسران اور اہلکاروں کے تبادلوں اور تقرریوں پر پابندی عائد کر دی ۔اس حوالے سے فوڈ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے حکمنامہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس پابندی کا نفاذ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور گندم خریداری مہم 2026 کے دوران فوڈ ڈیپارٹمنٹ میں ٹرانسفر، پوسٹنگ پر پابندی نافذ رہے گی۔
یہ حکمنامہ سیکریٹری محکمہ خوراک خیبر پختونخوا نے جاری کیا، جس میں محکیمہ خورراک کے تمام افسران اور اہلکاروں کو موجودہ تعیناتیوں پر فرائض انجام دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گندم خریداری مہم مکمل ہونے تک تبادلوں پر پابندی جاری رہے گی۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ گندم خریداری اہداف کے حصول اور شفافیت یقینی بنانے کیلئے تبادلوں پر پابندی لگائی گئی۔ غیر معمولی انتظامی ضرورت، انضباطی کارروائی یا عوامی مفاد میں ہی تبادلے ممکن ہوں گے۔
حکمنامے میں خصوصی حالات میں تبادلوں کیلیے سیکریٹری فوڈ کی پیشگی منظوری لازمی قرار دیتے ہوئے ڈویژنل ڈپٹی ڈائریکٹرز اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز کو احکامات پر سختی سے عمل کی ہدایت کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ احکامات کی خلاف ورزی پر متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی ہوگی۔
