ایرانی حملے کی 51 ویں لہر کا آغاز، اسرائیلی شہر ہولون میں سائرن بج گئے
ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ میں مزید شدت آ گئی ،امریکا اور اسرائیل کے ایران کے مختلف علاقوں پر تازہ حملوں میں صوبہ اصفہان کے کئی مقامات کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایرانی فوج کے بریگیڈیئر جنرل عبداللہ جلالی سمیت کم از کم 16 افراد کے شہید ہونے کی اطلاعات ہیں ،ایران نے بھی حملے کی 51ویں لہر کا آغاز کرتے ہوئے اسرائیل پر میزائلوں کی بارش کر دی۔ اسرائیلی شہر ہولون میں میزائل گر ا، جس کے بعد مختلف علاقوں میں سائرن بجائے گئے،
پاسداران انقلاب نے اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کو ڈھونڈ کر قتل کرنے کی دھمکی دیدی ۔غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق ایران کی پاسداران انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ اس نے آپریشن وعد الصدق کے تحت حملوں کی نئی لہر شروع کر دی ہے۔پاسداران انقلاب کے مطابق اس سلسلے کی 51 ویں کارروائی میں سعودی عرب کے شہر الخرج میں قائم امریکی فوجی اڈے کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا، جہاں ایف تھرٹی فائیو اور ایف سکسٹین لڑاکا طیاروں کے تربیتی مراکز کو ہدف بنایا گیا۔ایرانی حکام کے مطابق یہ حملہ شہید ابوالقاسم بابائیان اور ان کی اہلیہ کی یاد میں کیا گیا۔
ایران نے دعوی کیا ہے کہ اس نے عراق اور کویت میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ایران پر ہونے والے اسرائیلی حملوں کے دوران ایک اور اعلی فوجی کمانڈر شہید ہو گئے۔ ایرانی فوج نے خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حملے میں بریگیڈیئر جنرل عبداللہ جلالی شہید ہوگئے ہیں۔ایرانی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ صیہونی ادارے کی جانب سے کیے گئے حملے کے بعد وطن کے دفاع کے دوران بریگیڈیئر جنرل عبداللہ جلالی نے جامِ شہادت نوش کیا۔
حکام کے مطابق وہ دشمن کے حملے کے وقت دفاعی کارروائیوں کی قیادت کر رہے تھے۔ایران کا کہنا ہے کہ جنگ کے آغاز کے بعد سے اب تک متعدد اعلی فوجی کمانڈرز اور سیکیورٹی افسران شہید ہو چکے ہیں، جن کی شہادت کی باضابطہ تصدیق بھی کی گئی ہے۔حکام کے مطابق اسرائیلی حملوں کے باوجود ایران کی دفاعی صلاحیت اور جوابی کارروائیاں جاری ہیں۔دوسری جانب ایران نے واضح کیا ہے کہ اپنے فوجی کمانڈروں کی شہادت کے باوجود دشمن کے خلاف مزاحمت جاری رکھی جائے گی اور ملکی دفاع میں کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی اڈوں کیخلاف حملوں کی ایک اور لہر شروع کردی ہے۔
پاسدران انقلاب کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن متحدہ عرب امارات میں امریکی فوجی اڈوں کیخلاف کیا گیا ہے۔جبکہ بحرین ،کویت اور اردن میں امریکی بیسز کو نشانہ بنایا گیا اور خطے میں موجود ریڈار سسٹمز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ادھر پاسداران انقلاب نے اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو کو قتل کرنے کی دھمکی دی ہے۔ایران کی نیم سرکاری مہر نیوز ایجنسی نے پاسداران انقلاب کا یہ بیان رپورٹ کیا ہے کہ وہ نیتن یاہو کو ڈھونڈ کر قتل کرنے کی کوشش جاری رکھیں گے۔پاسداران انقلاب نے یہ دعوی بھی کیا ہے کہ اس کے حملوں کی 52 ویں لہر کے دوران خطے میں تین امریکی فوجی اڈے اور اسرائیل میں اہداف تباہ کر دئیے گئے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی ڈیفنس فورسز(آئی ڈی ایف) نے کہا ہے کہ ایران نے اسرائیل کی طرف میزائل داغے ہیں۔فوج کے مطابق دفاعی نظام فعال ہو چکے ہیں اور حملوں کو روک رہے ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں موجود شہریوں کے موبائل فونز پر پیغامات بھی بھیج دئیے گئے ہیں۔بیان میں عوام کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ محفوظ پناہ گاہوں میں چلے جائیں اور اگلی ہدایات تک وہیں رہیں۔ ادھر لبنان میں موجود مسلح گروہ حزب اللہ نے بھی اسرائیل کے شمالی علاقوں کی طرف میزائل یا ڈرون حملے کیے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے لبنان میں حزب اللہ کے مراکز کو نشانہ بنانے کا دعوی کیا ہے۔
اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) کا کہنا ہے کہ وہ لبنان میں ایران کی حمایت یافتہ مسلح تنظیم حزب اللہ کے بنیادی ڈھانچے کو بدستور نشانہ بنا رہا ہے۔آئی ڈی ایف کے مطابق، اس نے لبنان کے علاقے القطرانی میں ان مقامات کو نشانہ بنایا جہاں سے راکٹ حملے کیے جاتے تھے۔آئی ڈی ایف نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں حزب اللہ کی رضوان فورس سے منسلک کمانڈ سینٹرز کو نشانہ بنانے کا بھی دعوی کیا۔ دریں اثنا سعودی عرب کی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا کہ رات بھر اس نے اپنی فضائی حدود میں ایران کے 26 ڈرون مار گرائے۔ زیادہ تر دارالحکومت ریاض اور ملک کے مشرقی علاقوں کے قریب تھے۔
متحدہ عرب امارات نے اپنے مقامی وقت کے مطابق رات گئے اعلان کیا کہ اس کا دفاعی نظام ایران کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملوں کا جواب دے رہا ہے۔ اس سے قبل ڈرون حملے کے بعد فجیرہ کی بندرگاہ پر آگ بھڑک اٹھی تھی۔ اس مشرقی ساحل پر تیل درآمد کرنے والا بڑا ٹرمینل واقع ہے۔بحرین نے تقریبا اسی وقت اعلان اپنے شہریوں سے کہا کہ وہ فوری طور پر قریبی پناہ گاہوں کا رخ کریں۔عمان میں بھی سکیورٹی خدشات کے باعث امریکہ نے غیر ہنگامی نوعیت کی خدمات انجام دینے والے عملے کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا۔
کویت نے اعلان کیا کہ اس کی نیشنل گارڈ نے 24 گھنٹوں میں ایران کے پانچ ڈرون مار گرائے۔قطر نے ہفتہ واتوار کی درمیانی رات دیر گئے ایک تازہ اپ ڈیٹ میں تفصیل بتائی کہ دن بھر ایران کی جانب سے کیے گئے میزائل اور ڈرون حملوں کو ناکام بنایا گیا۔

