ٹیکس سال 2026 کیلئے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی (آج)جمعرات کو آخری تاریخ ہے۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ پہلے 30 ستمبر مقرر کی گئی تھی تاہم متعلقہ شراکت داروں اور مختلف تجارتی تنظیموں کے مطالبے پر اس میں 15 اکتوبر تک توسیع کر دی گئی تھی۔ایف بی آر کے مطابق چھوٹے دکانداروں کے لیے کم ٹیکس کی خصوصی سکیم کے تحت انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی بھی ( آج ) جمعرات کو آخری تاریخ ہے جس کے تحت اہل دکاندار اپنی بتائی گئی سالانہ فروخت کا ایک فیصد ٹیکس یا کم از کم 25 ہزار روپے سالانہ ادا کرکے گوشوارے جمع کرا سکتے ہیں۔
پاکستان کے ٹیکسٹائل خام مال کی برآمدات میں 3.4 فیصد کمی
ایف بی آر کی خصوصی ٹیکس سکیم ان دکانداروں کے لیے متعارف کرائی گئی ہے جن کی سالانہ فروخت 20 کروڑ روپے تک ہے، سکیم کے تحت دکانداروں کو اردو اور علاقائی زبانوں میں ایک صفحے پر مشتمل سادہ فارم کے ذریعے گوشوارے جمع کرانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ دکاندار ایف بی آر کی ویب سائٹ، موبائل ایپ یا قریبی ٹیکس دفتر کے ذریعے بھی یہ عمل مکمل کر سکتے ہیں،سکیم کے تحت اہل دکانداروں کو پوائنٹ آف سیل نظام اور ڈیجیٹل انوائسنگ سے استثنی حاصل ہوگا جبکہ انہیں عمومی آڈٹ سے تحفظ اور ودہولڈنگ ایجنٹ بننے کی ذمہ داری سے بھی چھوٹ دی گئی ہے۔ قواعد کی پابندی کرنے والی دکانوں پر کیو آر کوڈ والی گرین پلیٹ آویزاں کی جائے گی جس سے انہیں ٹیکس اہلکاروں کے معائنے سے تحفظ حاصل ہوگا۔ایف بی آر کے مطابق نئے صارفین آئرس پورٹل (iris.fbr.gov.pk/NewRegistratio) پر رجسٹریشن مکمل کرکے جبکہ پہلے سے رجسٹرڈ دکاندار اپنے آئرس اکائونٹ میں لاگ ان ہو کر آسان انکم ٹیکس گوشوارہ برائے تاجران منتخب کر سکتے ہیں۔
فکسڈ ٹیکس سکیم بھی ناکام، صرف 2نئے دکاندار شامل
مطلوبہ معلومات درج کرنے کے بعد سالانہ فروخت کا ایک فیصد ٹیکس یا کم از کم 25 ہزار روپے ادا کرکے گوشوارہ جمع کرایا جا سکتا ہے۔ایف بی آر نے مقررہ تاریخ تک گوشوارے جمع نہ کرانے کی صورت میں بھاری جرمانوں سے خبردار کرتے ہوئے دکانداروں پر زور دیا ہے کہ وہ آخری تاریخ سے پہلے اپنا ٹیکس گوشوارہ جمع کرا دیں۔ مزید رہنمائی کے لیے ایف بی آر کی ہیلپ لائن 051-111-772-772 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔





