گل پلازہ آتشزدگی میں جاں بحق افراد کی تعداد 67 ہوگئی
گل پلازہ سانحہ میں زندہ جل کر جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 67 تک جا پہنچی، اب تک17 میتوں کی شناخت ہوسکی۔
سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق افراد کی تعداد 67 ہوگئی تاہم اب تک صرف 17 افراد کی لاشوں کی شناخت ہوسکی ہے جبکہ 77 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ نے میڈیا کو بتایا کہ ملبے سے مزید باقیات بھی مل گئی ہیں جنہیں سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ عمارت کی حالت اتنی خستہ ہوچکی ہے کہ ریسکیو اہلکاروں کو بھی اپنی جان کا خطرہ ہے۔
عمارت گرنے والے حصوں میں لاپتہ افراد کی تلاش چیلنج بن گئی تاہم ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے ملبے تلے لاپتہ افراد کو ڈھونڈنے کی کوشش جاری ہیں۔
تکنیکی کمیٹی نے آگ سے متاثرہ گل پلازہ کو مخدوش قرار دے کر گرانے کی سفارش کردی ہے، جبکہ بحالی کمیٹی کے رکن جاوید بلوانی نے کہا ہے کہ متاثرین کو معاوضے کے لیے آج سے فارم جاری کیے جائیں گے۔
علاوہ ازیں گل پلازہ کے باہر کئی روز سے کھڑے لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے ریسکیو اور تحقیقاتی عمل پر عدم اطمینان کا اظہار کردیا۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ سانحہ گل پلازہ کو 6 روز ہوگئے مگر تاحال لاپتہ افراد کو تلاش نہیں جاسکا۔

