ننھی لومڑی بحری جہاز میں انگلینڈ سے امریکہ پہنچ گئی
حال ہی میں ایک ننھی سرخ لومڑی انگلینڈ سے ایک مال بردار بحری جہاز میں چھپ کر نیویارک پہنچ گئی جس نے سب کو حیران کر دیا ہے۔
ساؤتھ ہیمپٹن سے نیویارک تک کا سفر یہ 11 پاؤنڈ (قریباً 5 کلوگرام) وزنی نر لومڑی چار فروری کو انگلینڈ کی بندرگاہ ساؤتھ ہیمپٹن سے روانہ ہونے والے ایک ایسے بحری جہاز پر سوار ہوئی جو گاڑیوں سے لدا ہوا تھا۔
یہ ابھی تک ایک معمہ ہے کہ یہ لومڑی جہاز پر کیسے پہنچی۔ دو ہفتوں کے طویل سمندری سفر کے بعد یہ جہاز 18 فروری کو نیویارک اور نیو جرسی کی بندرگاہ پر پہنچا جہاں اس ’خفیہ مسافر‘ کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔
برونکس چڑیا گھر میں قیام بندرگاہ کے حکام نے فوری طور پر لومڑی کو نیویارک کے مشہور ’برونکس چڑیا گھر‘ منتقل کیا۔
چڑیا گھر کے ڈائریکٹر برائے اینیمل پروگرامز کیتھ لوویٹ کا کہنا ہے کہ ’ابتدائی طبی معائنے کے مطابق لومڑی بالکل صحت مند ہے اور نئے ماحول میں گھل مل رہی ہے۔ اس ننھی جان نے ایک طویل اور مشکل سفر طے کیا ہے۔‘
ماہرین کے مطابق اس لومڑی کی عمر قریباً دو برس ہے اور یہ ولپس نسل سے تعلق رکھتی ہے جو یورپ اور شمالی امریکہ میں عام پائی جاتی ہے۔
فی الحال اسے چڑیا گھر کے ویٹرنری سینٹر میں رکھا گیا ہے جہاں اسے متوازن غذا فراہم کی جا رہی ہے۔ مکمل طبی کلیئرنس کے بعد اس کے لیے کسی مستقل گھر (مسکن) کا انتخاب کیا جائے گا۔
حکام ابھی تک اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ بندرگاہ کی سخت سکیورٹی کے باوجود یہ لومڑی جہاز میں داخل ہونے میں کیسے کامیاب ہوئی۔