پانچ یورپی ممالک کا پاکستانیوں کو نوکریاں دینے پر اتفاق
اٹلی کے بعد 5 دیگر یورپی ممالک نے بھی پاکستانیوں کو نوکریاں دینے پر اتفاق کیا ہے اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے پاکستان کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا ہے ۔پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں غیرقانونی امیگریشن سے متعلق 6 ممالک کے وزرا داخلہ کی کانفرنس منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان وفد کی قیادت کی۔ پولینڈ کے وزیر داخلہ مارسن کیئرونسکی، ایسٹونیا کے وزیر داخلہ آئیگر ٹارو، لٹویا کے وزیر داخلہ رجررڈز کوزلووسکیز، فن لینڈ کے سٹیٹ سیکرٹری ہیکی ٹیمینن اور لتھوانیا کے وزیر داخلہ گنٹاراس ایلکزنڈراویچیاس نے
اپنے ممالک کی نمائندگی کی۔6 وزرا داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے پاکستان کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ کانفرنس کے اعلامیے کے مطابق پانچوں یورپی ممالک نے پاکستان کے لئے آفیشل سطح پر نوکریاں فراہم کرنے اور غیرقانونی امیگریشن کی حوصلہ شکنی اور قانونی امیگریشن کی حوصلہ افزائی کے لئے مربوط روڈ میپ مرتب کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔کانفرنس میں داخلی سکیورٹی ، دہشتگردی اور اینٹی نارکوٹکس کے سدباب کے لیے تفصیلی مشاورت کی گئی
اور بارڈر سکیورٹی اور انسداد دہشتگردی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر مفصل بات چیت کی گئی۔اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے موجودہ پاک افغان بارڈر صورتحال پر بھی بریف کیا اور بتایا کہ اس وقت 22 دہشت گرد تنظیمیں افغانستان میں منظم ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسوقت دنیا اور افغانستان میں دہشت گردوں کے درمیان ایک دیوار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انسانی اسمگلنگ مافیا کے خلاف سخت کریک ڈائون کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں
اور پاکستان سے یورپ جانے والی غیر قانونی امیگریشن میں 47 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ یورپی ممالک اور پاکستان باہمی تعاون سے اس بڑے چیلنج پر قابو پا سکتے ہیں۔

