گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد میں اپوزیشن لیڈرخیبرپختونخوا ڈاکٹرعباد اللہ، صوبائی مشیرخزانہ مزمل اسلم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں کل جمعرات سے سی این جی سٹیشن کھل جائیں گے۔صوبے کے مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں،صوبے کے عوام کے مسائل کا حل ترجیح ہے، مسائل حل کرنے کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔
گورنر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں وفاق مضبوط ہو، اس لئے وزیراعظم سے معاملے کا نوٹس لینے کی درخواست کی، ہم نے سی این جی کا معاملہ بتایا اور 35 ایم ایم سی ایف ڈی گیس دینے پر اتفاق ہوا۔ گورنر نے کہا کہ جمعرات سے صوبہ میں سی این جی سٹیشن کھل جائیں گے، صبح 6 سے شام 6 بجے تک بلاتعطل گیس فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور خیبر پختونخوا مل کر مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں،
وزیراعظم نے گندم کے مسئلہ پر بھی ایکشن لے لیا ہے اور ایک دو روز میں گندم کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا،اس کے علاوہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم شہباز شریف کا سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی کے مسئلے کے حل کے لیے کمیٹی تشکیل دینے پر اظہارِ تشکرکرتے ہوئے کہاہے کہ خیبرپختونخوا کے لیے 35 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی بحالی اورصبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک بلا تعطل گیس فراہمی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں،
انہوں نے کہاکہ صوبے کے جائز تحفظات کے ازالے کی جانب مثبت پیش رفت ہیں،وفاق اور خیبرپختونخوا کے درمیان ہم آہنگی سے مسئلے کے حل کو سراہتے ہیں،گورنرنے کہاکہ مشیرِ وزیراعظم رانا ثنا اللہ اور وفاقی وزیر علی پرویز ملک کے کردار کا شکر گزار ہیں، انہوں نے عوامی مسئلہ کے حل میں صوبائی حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے کردار کو بھی سراہااورکہاکہ خیبر پختونخوا حکومت اور اپوزیشن کی یکجہتی عوامی مفاد کے لیے مثبت قدم ہیں۔
اس سے قبل خیبرپختونخوا میں گندم اور سی این جی کی بندش کے معاملہ پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبہ کے حقوق کے ترجمانی کرتے ہوئے صوبائی حکومت اور اپوزیشن کے نمائندوں پر مشتمل جرگہ کی قیادت کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے قائم کمیٹی سے ملاقات کی۔وفاقی وزرا رانا ثنا اللہ، اور علی پرویز ملک سے ملاقات میں گورنر نے خیبر پختونخوا کے عوام کے ساتھ زیادتی کے سدباب کا مطالبہ کیا۔
صوبائی حکومت کی نمائندگی مشیر خزانہ مزمل اسلم،اور اپوزیشن کی نمائندگی صوبائی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ڈاکٹر عباد کررہے تھے،چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا، سیکریٹری انرجی بھی وفد میں شامل تھے. وفاقی حکومت کے ماتحت پاور ڈویژن، سیکرٹری پیٹرولیم، ایم ڈی سوئی گیس اور دیگر متعلقہ وزارتوں اور محکمہ جات کے حکام بھی موجود تھے۔وفد نے صوبہ میں سی این جی اسٹیشنز کی بندش سے عوام کو درپیش مشکلات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
