Skip to main contentSkip to footer

پشاور کی سینئر صحافی انیلا شاہین انتقال کرگئیں

Anila Shaheen Peshawar Journalist Death

پشاور پریس کلب کی رکن اور پشاور کی سینئر صحافی انیلا شاہین تین روز تک موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد 8 رمضان کو جہان فانی سے کوچ کرگئیں، انہیں تین روز قبل ہائی بلڈ پریشر کے باعث برین ہیمرج ہوا تھا ، مرحومہ کا دو مرتبہ آپریشن ہوا تاہم وہ جانبر نہیں ہوسکتیں اور جان جان آفرین کے سپرد کردی

مرحومہ انیلا شاہین ایک نڈر، بااصول اور پیشہ ور صحافی تھیں جن کی صحافتی خدمات مدتوں یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے نہ صرف صحافت کے میدان میں نمایاں کردار ادا کیا بلکہ صحافی برادری کے حقوق، آزادیٔ صحافت اور کارکن صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے بھی بھرپور جدوجہد کی۔ ان کا یہ قائدانہ کردار ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گا۔

وہ خیبرپختونخوا کے کارکن صحافیوں کی نمائندہ تنظیم خیبر یونین آف جرنلسٹس کی منتخب جنرل سیکرٹری کے منفرد اعزاز سمیت دیگر عہدیدوں پر کارکن صحافیوں کے حقوق و مفادات کے لئے سرگرم رہیں۔ اور خیبرپختونخوا میں صحافیوں کے اعلی ترین ادارہ پشاور پریس کلب کے مختلف اہم عہدوں پر خدمات انجام دے کر صحافیوں کی موثر نمائندگی کرتی رہیں۔

وہ نہ صرف پشاور اور خیبرپختونخوا بلکہ ملک بھر کے کارکن صحافیوں کے لیے وہ ایک مضبوط و توانا آواز اور رہنمائی کا قابل قدر ذریعہ تھیں۔
وہ آج ہم میں نہیں رہیں، لیکن اس مختصر زندگی میں اپنی شاندار صحافتی خدمات اور قابل قدر قائدانہ کردار سے انہوں نے یہاں کی صحافت پر انمٹ نقوش مرتب کئے۔

مرحومہ کا جنازہ آبائی گاؤں چمکنی عزیز اباد انقلاب روڈ سے اٹھایا جائیگا اور نماز جنازہ 3 بجے جنازگاہ حاجی دریا خان بابا چمکنی میں ادا کی جائے گی۔

پشاور پریس کلب کی کابینہ، گورننگ باڈی اور جملہ اراکین اس المناک سانحے پر مرحومہ کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔ آمین۔

افغان طالبان کی سرحد پر بلا اشتعال فائرنگ

Next Post
رنکو سنگھ فیملی ایمرجنسی کے باعث ٹیم کو چھوڑ گئے
Previous Post
افغان طالبان کی سرحد پر بلا اشتعال فائرنگ، پاک فوج کا جواب، افغان چیک پوسٹ تباہ