وہ ایک تصویر جو امریکیوں کی جگ ہنسائی کا سبب بن گئی
امریکہ میں امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) کی ایک تصویر دنیا بھر میں امریکیوں کیلیے شرمندگی کا باعث بن گئی۔
اس تصویرکی اشاعت کے بعد ملک بھر میں شدید ردِعمل کا اظہار کیا جارہا ہے، مذکورہ تصویر میں ایک 5 سالہ بچے کو پری اسکول سے واپسی پر آئی سی ای کی حراست میں دیکھا جا سکتا ہے۔
امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) کے افسران نے بچے کے والد کو پکڑنے کے لئے حربے کے طور پر مینیسوٹا میں اسکول سے گھر جانے والے ایک پانچ سالہ بچے کو حراست میں لیا ہوا ہے۔
تصویر میں ننھا بچہ لیام کونیخو راموس سردی سے بچنے کے لیے نیلی ٹوپی پہنے، کندھوں پر اسپائیڈر مین کا بیگ لٹکائے خوفزدہ حالت میں کھڑا ہے، جبکہ اس کے پیچھے مکمل سیاہ فوجی لباس میں ملبوس ایک اہلکار جس کا چہرہ نقاب سے ڈھکا ہوا ہے، بچے کے بیگ کو مضبوطی سے پکڑے کھڑا نظر آرہا ہے۔
لیام اب ان تقریباً 68 ہزار افراد میں شامل ہے جنہیں امریکی امیگریشن حکام نے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران حراست میں لیا ہے، تاہم اس کیس کو اس لیے غیر معمولی قرار دیا جا رہا ہے کہ زیرِ حراست شخص محض پانچ سال کا بچہ ہے۔
اسکول سپرنٹنڈنٹ زینا اسٹینوک کے مطابق امیگریشن اہلکاروں نے بچے کو گھر کا دروازہ کھٹکھٹانے کا کہا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ اندر کوئی اور موجود ہے یا نہیں، بعد ازاں بچے کا مڈل اسکول میں پڑھنے والا بھائی گھر پہنچا تو والد اور چھوٹا بھائی موجود نہیں تھے۔
مقامی تاجروں کے مطابق خوف کے باعث متعدد تارکینِ وطن خاندان گھروں تک محدود ہوگئے ہیں، جبکہ رضاکار تنظیمیں خوراک اور ادویات کی فراہمی میں ان کی مدد کر رہی ہیں۔
امریکی حکام کی جانب سے ان کارروائیوں کو قانون نافذ کرنے کا عمل قرار دیا جا رہا ہے، تاہم ناقدین کے مطابق ایسے اقدامات نے شہری زندگی کو مفلوج کردیا ہے۔

