کوہاٹ اور کرم میں چھت گرنے ،آتشزدگی سے 30بھیڑ بکریاں ہلاک
قبائلی اضلاع اورکزئی اور کرم میں پیش آنے والے دو افسوسناک واقعات میں تقریباً 30 بھیڑ بکریاں ہلاک ہوگئیں جس سے مقامی افراد کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔موصولہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ شام ضلع اورکزئی کی لوئر تحصیل کے علاقے چھپری فیروز خیل میں مقامی رہائشی سحرگل کے گھر میں جانوروں کے لیے قائم کمرے کی چھت شدید بارش کے باعث اچانک منہدم ہوگئی۔ چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 20 بکریاں موقع پر ہی ہلاک ہوگئیں
۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت فوری کارروائی کرتے ہوئے ملبہ ہٹا کر جانوروں کو باہر نکالا۔دوسری جانب قبائلی ضلع کرم کی وسطی تحصیل کے علاقے پاڑہ چمکنی میں ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں خستہ حال بجلی کی تار اچانک ٹوٹ کر زمین پر گر گئی۔ تار میں کرنٹ ہونے کے باعث 10 بھیڑیں جھلس کر ہلاک ہوگئیں۔
یہ واقعہ جمعے کے روز پیش آیا جس نے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑا دی۔مقامی افراد نے دونوں واقعات کے بعد متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے اور ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

