نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ، کراچی وائٹس اور ایبٹ آباد فائنل میں پہنچ گئے
اے بی ایس ڈویلپرز نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے سنسنی خیز سیمی فائنلز مکمل ہوگئے، جہاں کراچی وائٹس اور ایبٹ آباد نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

پہلے سیمی فائنل میں کراچی وائٹس نے سیالکوٹ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ سیالکوٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز اسکور کیے۔ حسن نواز نے 43 رنز کے ساتھ نمایاں کارکردگی دکھائی، جبکہ خواجہ ارحم نے 40 رنز بنائے۔ علی افضل نے آخری اوورز میں تیز 26 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ کپتان اسامہ میر نے 19 رنز کا اضافہ کیا۔
کراچی وائٹس کی جانب سے محمد عمر نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ محمد اصغر نے 2 اور ثاقب خان، میر حمزہ اور دانش عزیز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ہدف کے تعاقب میں کراچی وائٹس کو کپتان سعود شکیل اور پلیئر آف دی میچ عبداللہ فضل نے جارحانہ آغاز فراہم کیا اور 92 رنز کی شراکت قائم کی۔ سعود شکیل نے 45 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جبکہ عبداللہ فضل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 41 گیندوں پر 88 رنز بنا کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ ہارون ارشد 15 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور کراچی وائٹس نے ہدف 15.1 اوورز میں حاصل کرلیا۔
سیالکوٹ کی جانب سے کپتان اسامہ میر نے 3 وکٹیں حاصل کیں اور ٹورنامنٹ میں اپنی مجموعی وکٹوں کی تعداد 16 تک پہنچا دی۔ دوسرے سیمی فائنل میں بارش نے کھیل کا مزہ کرکرا کردیا۔ لاہور وائٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 194 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور کیا، تاہم بارش کے باعث ایبٹ آباد کو ہدف کے تعاقب کا موقع نہ مل سکا۔ بہتر رن ریٹ اور پوائنٹس ٹیبل پر برتری کی بنیاد پر ایبٹ آباد کو فائنل کے لیے کوالیفائی قرار دے دیا گیا۔
لاہور وائٹس کی جانب سے عمران ڈوگر نے 62 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ محمد اخلاق نے 42 رنز بنائے۔ فرحان یوسف نے ناقابل شکست 33 رنز اسکور کیے اور محمد محسن نے 24 رنز کا اضافہ کیا۔ ایبٹ آباد کے شہاب خان نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اب ٹورنامنٹ کا فائنل آج بدھ کے روز کراچی وائٹس اور ایبٹ آباد کے درمیان کھیلا جائے گا، جو شام 7:30 بجے شروع ہوگا۔ فائنل کے لیے بارش کی صورت میں ریزرو دن بھی رکھا گیا ہے، جس سے شائقین کو ایک دلچسپ اور فیصلہ کن مقابلے کی امید ہے۔

