دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ڈرون حملہ، فضائی آپریشن معطل
دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ڈرون حملے کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد ایئرپورٹ پر طیاروں کی لینڈنگ عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔
امدادی ٹیمیں ڈرون گرنے سے لگنے والی آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق لینڈنگ کی معطلی کے باعث دبئی آنے والی متعدد پروازوں کو فضا میں ہی ‘ہولڈنگ پیٹرن’ پر رکھا گیا ہے تاکہ صورتحال واضح ہونے پر انہیں محفوظ طریقے سے اتارا جا سکے۔
دبئی حکام کے مطابق ایئرپورٹ پر ایک ڈرون نے ایندھن کے ٹینک کو نشانہ بنایا، حملے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا، دوسری جانب عالمی فلائٹ مانیٹرنگ ویب سائٹ نے فلائٹس کی تفصیلات جاری کردیں۔ میڈیا آفس دبئی کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے احتیاطی اقدام کے طور پر دبئی ایئرپورٹ سے عارضی طور پر پروازوں کو معطل کر دیا۔دبئی حکام نے کہا کہ مسافر فلائٹس شیڈول کیلئے متعلقہ ایئر لائنز سے رابطہ کریں، فلائٹس معطلی صورتحال کے بہتر ہونے تک جاری رہے گی۔
ایئرلائن نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ دبئی ایئرپورٹ نہ جائیں، فلائٹس کے بارے میں مزید اپ ڈیٹس جلد جاری کی جائیں گی۔

