خوبصورتی کیلئے سرجری کرانیوالے اونٹ مقابلہ حسن کی دوڑ سے باہر
خوبصورتی کے لیے مصنوعی طریقے استعمال کرنا صرف انسانوں تک ہی محدود نہیں رہا بلکہ جانوروں میں بھی خوبصورت نظر آنے کے لیے بوٹوکس انجکشز لگوائے جاتے ہیں تاہم یہ حرکت ان کے مالکان کرتے ہیں۔
خطہ عرب اور خلیجی ممالک میں اونٹ کو شان وشوکت کا نشان بھی سمجھا جاتا ہے اور وہاں باقاعدہ اونٹوں کے مقابلہ حسن بھی منعقد ہوتے ہیں۔
عمان میں ہونے والے اونٹوں کے مقابلہ حسن میں شریک درجنوں اونٹوں کو صرف اس بنیاد پر مقابلے میں حصہ لینے سے روک دیا گیا کہ ان کے مالکان نے اونٹوں کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے انہیں بوٹوکس انجکشن لگوا رکھے تھے۔
عرب میڈیا کے مطابق اونٹوں کے سالانہ مقابلہ حسن میں بوٹوکس اور خوبصورتی بڑھانے کے لیے مصنوعی پروسیجرز کرانے والے 20 اونٹوں کو مقابلے میں حصہ لینے سے روک دیا گیا۔حالانکہ ان کے مالکان کی جانب سے اونٹوں پر ہزاروں روپے بھی خرچ کئے گئے تھے تاہم انہیں مقابلے میں روکنے سے ان کی یہ رقم ضائع ہوگئی ہے
واضح رہے اونٹوں کو پرکشش اور خوب صورت بنانے کے لیے مصنوعی چیزیں استعمال کرنے پرسخت پابندی عائد ہے لیکن اس کے باوجود ان کے مالکان جانوروں پر ظلم کرتے ہوئے انہیں مختلف قسم کی سرجریز سے گزارتے اور انہیں بوٹوکس کے انجکشنز لگواتے ہیں۔
اس سے قبل سعودی عرب میں بھی منعقدہ اونٹوں کے مقابلہ حسن میں خوبصورتی کے لیے مصنوعی پروسیجر کرانے پر متعدد اونٹوں کو نا اہل قرار دے دیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں
پاکستان کا رمضان سے قبل افغانستان پر حملے کا امکان

